پنجاب کابینہ نے گوگل ورک اسپیس برائے پروڈکٹیوٹی و کولیبوریشن پروگرام کے آغاز کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کابینہ نے اس منصوبے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو جدید ڈیجیٹل لرننگ اور کولیبریشن ٹولز فراہم کیے جائیں گے۔ اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو آن لائن کلاس رومز، ای میل سروس، کلاؤڈ اسٹوریج اور ڈاکومنٹس شیئرنگ جیسی سہولیات دستیاب ہوں گی۔
اس اقدام سے طلبہ کی ڈیجیٹل اسکلز میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ تخلیقی صلاحیتوں اور ٹیم ورک کے رجحان کو بھی فروغ ملے گا۔ گوگل ورک اسپیس کے استعمال سے اساتذہ اور طلبہ کے درمیان مؤثر رابطہ قائم ہو سکے گا اور آن لائن لرننگ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔
منصوبہ سرکاری اسکولوں میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے ویژن پر عملدرآمد کا عملی آغاز ثابت ہوگا، جس سے تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی۔ پنجاب حکومت کا یہ اقدام تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور جدید سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔



