بھارتی کرکٹ ویب سائٹ کا دعویٰ ہے کہ بنگلایش کے میچز بھارت سے سری لنکا منتقل کرنے کے امکانات کم ہیں اور بنگلا دیش کے میچز کے وینیوز کی تبدیلی کا آپشن سامنے آیا ہے۔
بھارتی ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی سی سی اور بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان مؤقف سے دستبرداری کی جنگ جاری ہے مگر بنگلا دیش کے میچز کے لیے چنئی اور تھیرو وننتھاپورم کے وینیوز کے آپشنز ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق سکیورٹی خدشات کے باعث بی سی بی نے آئی سی سی سے باضابطہ مطالبہ کر رکھا ہے کہ ہمارے تمام میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں۔
ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی نے متبادل وینیوز ضرور تلاش کیے ہیں مگر میچز سری لنکا منتقل ہونے کا امکان کم ہے کیونکہ تامل ناڈو اور کیرالا کرکٹ ایسوسی ایشن سے آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے رابطہ کیا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق چنئی اور تھیرووننتھا پورم بنگلا دیش کے میچز کے لیے ممکنہ وینیوز ہوسکتے ہیں، تامل ناڈو کرکٹ ایسوسی ایشن کو پہلے ہی ورلڈ کپ میں میچز کی میزبانی کرنا ہے انہیں مزید میچز پر اعتراض نہیں ہے۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بنگلا دیش کے 7 ، 9 اور 14فروری کو کولکتہ جب کہ 17 فروری کو ممبئی میں میچز شیڈولڈ ہیں ۔
واضح رہے کہ ہندو انتہا پسندوں کے دباؤ کے بعد بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بھارتی بورڈ نے آئی پی ایل سے ریلیز کرنے کا حکم دیا تھا اور اسی تناظر میں دھمکیوں کے بعد بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کر رکھا ہے اور بی سی بی کو تاحال آئی سی سی کی جانب سے جواب کا انتظار ہے۔
دوسری جانب آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بنگلادیش کی ٹیم کے بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کے میچز کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کردی ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے وینیوز دستیاب نہیں تو پاکستان کے وینیوز حاضر ہیں، چیمپئنز ٹرافی اور آئی سی سی ویمن کوالیفائر پاکستان میں ہوچکے تو یہ میچز بھی آسانی سے کراسکتے ہیں، ہمارے تمام وینیوز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے میچز کرانے کے لیے تیار ہیں۔



