صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ شاہراہوں کے اطراف موجود گرین بیلٹس کی مناسب دیکھ بھال کی جائے جبکہ اردگرد لگے پودوں اور درختوں سے گرد و غبار کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خراب اور بوسیدہ سائن بورڈز کی فوری مرمت کی جائے تاکہ مسافروں کو درست رہنمائی میسر آ سکے۔
ملک صہیب احمد بھرتھ نے مزید کہا کہ شاہراہوں کی لین مارکنگ اور پینٹ ورک پر کڑی نظر رکھی جائے، مدھم ہونے والی لین مارکنگ اور پینٹ کو فوری طور پر دوبارہ کیا جائے تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے شاہراہوں کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے سڑکوں کے شولڈرز کی فوری مرمت کی بھی ہدایت کی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں شاہراہوں کے نیٹ ورک کو بہتر کیا گیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ انہیں محفوظ اور دیرپا بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام امور کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ عوام کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



