لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے طلباء کی صحت اور شدید سردی کے موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی سردیوں کی چھٹیوں میں ایک ہفتہ اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد پنجاب بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے اب 19 جنوری 2026 سے دوبارہ کھلیں گے۔وزیر تعلیم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر عوامی سروے کا نتیجہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ فیصلہ عوام کی رائے اور مشاورت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ سروے میں شرکت کرنے والے تقریباً 87 فیصد افراد نے چھٹیوں میں توسیع کی حمایت کی، جبکہ تقریباً 13 فیصد افراد نے 12 جنوری کو دوبارہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کرنے کے حق میں رائے دی۔سروے کے اعداد و شمار:19 جنوری کے حق میں: 154,178 آراء
12 جنوری کے حق میں: 24,829 ووٹ .رانا سکندر حیات نے کہا کہ "طلباء کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے”۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسم کی موجودہ شدت اور کم درجہ حرارت کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ انتہائی ضروری تھا، اور عوامی سروے کے مثبت نتائج نے اسے مزید مستحکم کیا۔وزیر تعلیم نے تمام سی ای اوز (چیف ایگزیکٹو افسران) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں اس فیصلے کا مکمل نفاذ یقینی بنائیں اور تعلیمی اداروں کو مطلع کریں کہ چھٹیاں اب 19 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں۔یہ فیصلہ والدین، طلباء اور اساتذہ کی جانب سے مسلسل مطالبات کے بعد سامنے آیا ہے، جس سے پنجاب بھر کے لاکھوں طلبہ کو شدید سردی کے دوران مزید تحفظ اور آرام ملے گا۔حکومت پنجاب کا یہ اقدام طلبہ کی صحت اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ تعلیمی اداروں کی دوبارہ کھلنے کی تاریخ اب 19 جنوری 2026 مقرر کی جا چکی ہے۔



