لاہور ( کورٹ رپورٹر ) بھارتی خاتون شہری سربجیت کور کو پاکستان سے واپس ان کے ملک بھیجنے کا عمل ابھی تک مکمل نہ ہو سکا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے خصوصی سفری اجازت نامہ جاری نہ ہونے کی وجہ سے انہیں واپس نہیں بھیجا جا سکا۔سربجیت کور کے وکیل علی چنگیزی نے بتایا کہ موجودہ صورتحال میں انہیں لاہور کے دارالامان میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ وکیل کے مطابق "جب تک وزارت داخلہ کی طرف سے مطلوبہ خصوصی اجازت نامہ جاری نہیں کیا جاتا، سربجیت کور دارالامان میں ہی قیام کریں گی”۔علی چنگیزی نے مزید تصدیق کی کہ دارالامان میں سربجیت کور کا مکمل طبی معائنہ کیا جا چکا ہے اور وہ صحت کے لحاظ سے مکمل طور پر تندرست ہیں۔ ان کی صحت کے حوالے سے کوئی تشویش نہیں ہے۔وکیل کا کہنا ہے کہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ چند روز کے اندر وزارت داخلہ کی جانب سے سفری اجازت نامہ جاری ہو جائے گا، جس کے فوراً بعد سربجیت کور کو بھارت واپس بھیج دیا جائے گا۔یہ معاملہ انسانی ہمدردی کے تحت دونوں ممالک کے درمیان زیر بحث رہا ہے۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ تمام قانونی اور انتظامی مراحل مکمل کرنے کے بعد جلد از جلد خاتون کو ان کے خاندان کے ساتھ ملنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔حالیہ اطلاعات کے مطابق سربجیت کور دارالامان میں مکمل تحفظ اور مناسب سہولیات کے ساتھ موجود ہیں اور ان کی حالت اطمینان بخش ہے۔ تازہ پیشرفت کا انتظار ہے۔



