لاہور ( ایجوکیشن رپورٹر ) پنجاب بھر میں شدید سردی کے باعث تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کی مدت بڑھانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب اسکولوں کی سردیوں کی چھٹیوں میں ایک ہفتہ اضافہ کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ طلبہ اور بچوں کی صحت کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے آج دوپہر 3 بجے اس معاملے پر اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں محکمہ موسمیات کی تازہ ترین رپورٹس اور موجودہ موسم کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جس کے بعد چھٹیوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ متوقع ہے۔وزیر تعلیم نے کہا کہ "بچوں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے”۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بے شمار والدین کی جانب سے شدید سردی کے باعث چھٹیوں میں اضافے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، اور حکومت اس مطالبے کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب یا اس سے بھی نیچے جا رہا ہے، جبکہ سرد ہواؤں اور دھند کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس صورتحال میں چھوٹے بچوں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔اگر چھٹیوں میں اضافہ ہوا تو یہ فیصلہ پنجاب کے سرکاری اور نجی سکولوں سمیت تمام تعلیمی اداروں پر لاگو ہوگا۔ فی الحال سردیوں کی چھٹیاں 31 دسمبر 2025 سے 15 جنوری 2026 تک مقرر تھیں، اور ممکنہ اضافے سے یہ مدت 22 یا 23 جنوری تک بڑھ سکتی ہے۔حکومت پنجاب طلبہ، والدین اور اساتذہ کی سہولت اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد بہترین فیصلہ کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ اجلاس کے نتائج کے بعد تفصیلی اعلان متوقع ہے ۔



