لاہور ( کرائم رپورٹر ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے کاپی رائٹ ایکٹ 2000 کی سنگین خلاف ورزیوں کے مقدمے میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ کارروائی ملک میں انٹیلیکچوئل پراپرٹی کے تحفظ اور جعلی مصنوعات کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں شمیم احمد، امجد علی اور کلیم اللہ شامل ہیں۔ انہیں لاہور اور ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں سے کریک ڈاؤن کے دوران حراست میں لیا گیا۔ملزمان پر الزام ہے کہ وہ مختلف معروف اور رجسٹرڈ کمپنیوں کی جعلی مصنوعات تیار کر کے سٹاک کر رہے تھے اور انہیں بازار میں فروخت بھی کر رہے تھے۔ گرفتاری کے وقت ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں جعلی سامان برآمد کیا گیا، جس میں مختلف برانڈز کی نقل مصنوعات شامل تھیں۔ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان کو مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ تفتیش کے دوران جعلی مصنوعات کی تیاری، تقسیم اور فروخت کے نیٹ ورک، دیگر ملوث افراد اور ممکنہ منی لانڈرنگ کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔یہ کارروائی ملک بھر میں جعلی اور نقل مصنوعات کے خلاف ایف آئی اے کی جاری سخت مہم کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستانی معیشت، صارفین کے حقوق اور رجسٹرڈ کمپنیوں کی انٹیلیکچوئل پراپرٹی کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث دیگر افراد کے خلاف بھی جلد کارروائی کی جائے گی تاکہ مارکیٹ میں جعلی سامان کا راج ختم کیا جا سکے۔



