لاہور (نیوز رپوڑٹر ) ملک کے مختلف حصوں میں شدید دھند پھیلنے کے باعث موٹروے پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے پیش نظر کئی موٹرویز کو مکمل بند کر دیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق موٹروے ایم-2 کا سیکشن لاہور سے بلکسر تک، ایم-3 فیض پور سے رجانہ تک، ایم-4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور ایم-5 ملتان سے روہڑی تک شدید دھند کے باعث مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ موٹرویز کی بندش کا بنیادی مقصد مسافروں کی حفاظت ہے۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہ پر بھی متعدد مقامات پر شدید دھند چھائی ہوئی ہے، جن میں لاہور، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، کسوال، اقبال نگر، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک، لودھراں، بہاولپور، احمد پور شرقیہ، ترنڈہ محمد پناہ، رحیم یار خان اور صادق آباد شامل ہیں۔ترجمان نے خبردار کیا کہ دھند کے موسم میں لین کی خلاف ورزی سنگین حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے روڈ یوزرز سے اپیل کی کہ لین ڈسپلن پر سختی سے عمل کریں، دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں اور صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات کو محفوظ سفری وقت سمجھیں۔مزید ہدایات میں ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس کا لازمی استعمال، غیر ضروری سفر سے اجتناب، تیز رفتاری سے گریز اور آگے والی گاڑی سے محفوظ فاصلہ رکھنے کی تلقین کی گئی۔کسی بھی رہنمائی یا مدد کے لیے موٹروے پولیس کی ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔موٹروے پولیس نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ دھند کے باعث ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے۔



