لاہور ( اسٹاف رپورٹر ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کلین لاہور مشن کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل کینٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس دوران چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (ایم سی ایل) شاہد عباس، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ فاطمہ ارشد، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر واسا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے ظفر علی روڈ نالہ اور ملحقہ علاقوں کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کینٹ نے فیلڈ سرگرمیوں، صفائی ستھرائی اور میونسپل سروسز کی فراہمی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے ظفر علی روڈ نالہ کی مکمل ڈی سلٹنگ کے فوری احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی اور بکھری ہوئی بجلی کی تاروں کو منظم بنایا جائے اور اس سلسلے میں لیسکو حکام کو ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات دی جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) ڈور ٹو ڈور کوڑا اکٹھا کرنے کا نظام مزید موثر اور فعال بنائے۔ واسا کو نالوں کی ڈی سلٹنگ اور سیوریج کے مسائل کا فوری تدارک یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر موجود مین ہولز کے ڈھکنوں کی تنصیب کو ہر صورت مکمل کرنے کے احکامات بھی صادر کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے واضح کیا کہ شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ محکمے فیلڈ میں متحرک رہیں اور عوامی شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔یہ دورہ کلین لاہور مشن کے تحت شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔



