کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی کے معاشی مرکز صدر میں غیر قانونی تجاوزات اور پارکنگ مافیا کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر صدر حازم بھنگوار کی قیادت میں گرینڈ آپریشن چوتھے روز بھی جاری ہے۔اسسٹنٹ کمشنر حازم بھنگوار نے بتایا کہ آج مزید 72 ہوٹلز اور دکانیں تجاوزات کے الزام میں سیل کر دی گئیں جبکہ پارکنگ مافیا کے خلاف 7 نئی ایف آئی آرز درج کی گئیں۔ آپریشن کے دوران 6 افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا۔حازم بھنگوار نے عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ مافیا اور غیر قانونی تجاوزات کو مکمل طور پر ختم کیے بغیر دم نہیں لوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر کے شہریوں کو ان کا جائز حق ملنا چاہیے اور مافیا کے قبضے سے عوامی جگہوں کو آزاد کروایا جائے گا۔چار روز سے جاری اس آپریشن میں اب تک سینکڑوں دکانیں، ہوٹلز اور غیر قانونی پارکنگ ایریاز کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر کے اقدامات کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ یہ آپریشن صدر کی سابقہ رونقوں کو بحال کرے گا



