اسلام آباد (بزنس رپورٹر) ملکی سیمنٹ سیکٹر سے بری خبر سامنے آئی ہے۔ سیمنٹ کی فروخت اور برآمدات میں کمی کا رجحان مسلسل تیسرے ماہ بھی جاری رہا۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (APCMA) نے نومبر 2025 کے تازہ اعدادوشمار جاری کر دیے۔رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 میں سیمنٹ کی برآمدات میں 26.53 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران سیمنٹ کی برآمدات 5 لاکھ 90 ہزار 183 ٹن رہیں، جبکہ نومبر 2024 میں یہ حجم 8 لاکھ 3 ہزار 258 ٹن تھا۔ دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں معمولی بہتری دکھائی دی۔ نومبر 2025 میں سیمنٹ کی مقامی فروخت 2.23 فیصد اضافے سے 35 لاکھ 49 ہزار ٹن رہی جو گزشتہ سال اسی ماہ 34 لاکھ 72 ہزار ٹن تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق نومبر 2025 میں مجموعی سیمنٹ فروخت 41.40 لاکھ ٹن رہی جبکہ نومبر 2024 میں یہ حجم 42 لاکھ 75 ہزار ٹن تھا، یعنی مجموعی طور پر کمی برقرار رہی۔تاہم رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں صورتحال قدرے بہتر رہی۔ رپورٹ کے مطابق 5 ماہ میں مجموعی سیمنٹ فروخت 11.54 فیصد کے اضافے سے 2 کروڑ 14 لاکھ 45 ہزار ٹن رہی جبکہ 5 ماہ میں مقامی فروخت 14.71 فیصد بڑھ کر 1 کروڑ 74 لاکھ 35 ہزار ٹن تک پہنچ گئی ۔سیمنٹ کی برآمدات 5 ماہ میں 40 لاکھ ٹن رہیں، جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے برابر ہیں۔ آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق اگر حکومت ڈیوٹی اور ٹیکسوں میں ریلیف فراہم کرے تو سیمنٹ انڈسٹری کی نمو میں مزید تیزی آ سکتی ہے۔



