لاہور ( اسپورٹس رپورٹر ) پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے سیکرٹری رانا مجاہد علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تیسری چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) نیشنل انٹر کلب ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد 4 جنوری سے 28 فروری 2026 تک کیا جائے گا۔رانا مجاہد نے بتایا کہ چیمپئن شپ دو مراحل میں منعقد ہوگی۔ پہلا مرحلہ (ڈسٹرکٹ اور ریجنل سطح) 4 سے 24 جنوری تک ہوگا، جبکہ نیشنل مرحلہ 17 سے 28 فروری تک کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ سے کلبز کی سکروٹنی بھی کی جائے گی تاکہ معیاری کلبز کو آگے بڑھایا جا سکے۔انہوں نے قومی کھیل ہاکی کی سرپرستی پر آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آرمی چیف قومی کھیل پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، جس سے ہاکی کی ساکھ بحال ہو رہی ہے۔ پاکستان آرمی اور آرمی چیف نے جو اقدامات اٹھائے ہیں، وہ واقعی قومی کھیل کی ضرورت تھے۔رانا مجاہد نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں کی طرح اس بار بھی چیمپئن شپ میں بڑے انعامات دیے جائیں گے، جو کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔پریس کانفرنس میں سابق اولمپینز نے بھی شرکت کی۔ اختر رسول چوہدری نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر ہاکی کی بحالی کے لیے یہ ٹورنامنٹ اہم قدم ہے اور پاکستان آرمی نے قومی کھیل کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس ٹورنامنٹ سے مزید نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے۔شہباز احمد سینئر نے کہا کہ پاکستان آرمی یوتھ کو قومی کھیل کی طرف لانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے اور اس چیمپئن شپ سے قومی ٹیم کو نئے ٹیلنٹڈ کھلاڑی ملیں گے۔طاہر زمان نے ٹورنامنٹ کو مزید ٹیلنٹ سامنے لانے کا بہترین موقع قرار دیا۔یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہاکی کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔



