پنجاب پولیس نے دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کے لیے سو تھرمل ڈرونز حاصل کرلیے
جدید ٹیکنالوجی اب پولیس کی آنکھیں اور کان ہوگی، کچے کے علاقے اور حساس مقامات پر استعمال کیا جائے گا
پنجاب پولیس نے دہشت گردوں اور کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سو تھرمل ڈرونز حاصل کر لیے ہیں۔ یہ ڈرونز پولیس فورس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی نشاندہی کے لیے استعمال ہوں گے۔
پولیس حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں گھات لگا کر پولیس پر ہونے والے حملوں کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ریسپانس اور آپریشن ٹیموں کو جدید آلات سے لیس کیا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی آپریشن سے قبل تھرمل ڈرونز کے ذریعے روٹ کی نگرانی کی جائے گی اور مانیٹرنگ کے بعد ہی پولیس کے قافلے آگے بڑھیں گے۔
ڈرونز کی مدد سے دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانے بھی نشاندہی کیے جائیں گے جس کے بعد پولیس کارروائی کرے گی۔
کچہ اور بارڈر ایریاز میں آپریشن
حکام کے مطابق خریدے گئے 100 تھرمل ڈرونز کو بالخصوص کچے کے علاقے، بارڈر چیک پوسٹوں اور حساس مقامات پر آپریٹ کیا جائے گا، تاکہ دہشت گردوں اور ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن زیادہ مؤثر اور محفوظ بنایا جاسکے



