پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی موبائل سمز کی حفاظت کو سنجیدگی سے لیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے نام پر رجسٹرڈ سمز صرف انہی کے زیر استعمال ہوں۔
پی ٹی اے نے فیس بک پر جاری کردہ پیغام میں کہا کہ ’اپنی سم اپنے نام پر لازمی رجسٹر کروائیں اور اس بات کی تصدیق کریں کہ آپ کی سم کسی اجنبی کے زیر استعمال نہ ہو۔‘
اتھارٹی نے خبردار کیا کہ جرائم پیشہ عناصر چوری شدہ ذاتی معلومات کی مدد سے آپ کے نام پر غیرقانونی سمز حاصل کر سکتے ہیں، جو فراڈ، دیگر غیر قانونی سرگرمیوں یا دہشت گردی کے لیے استعمال ہو سکتی ہیں۔
پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سموں کی تعداد چیک کرنے کے لیے cnic.sims.pk ویب سائٹ پر وزٹ کریں یا 668 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیج کر تصدیق کریں۔
اتھارٹی نے واضح کیا کہ اگر آپ کے نام پر کوئی ایسی سم رجسٹرڈ ہے جو آپ کے زیر استعمال نہیں، تو فوری طور پر اسے بلاک کروانا ضروری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔



