لاہور (پولیٹیکل رپورٹر) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور کی مبینہ طور پر خلافِ ضابطہ تعیناتی کا معاملہ پنجاب اسمبلی پہنچ گیا۔ حکومتی رکن پنجاب اسمبلی امجد علی جاوید نے اس سلسلے میں تحریکِ التوائے کار اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی ہے۔تحریک میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (PMA) کی حالیہ پریس کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا گیا ہے کہ پنجاب میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PMDC) اپنی افادیت کھو چکی ہے جبکہ یو ایچ ایس کے وائس چانسلر کی تقرری میرٹ کے برخلاف کی گئی۔متن میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر احسن وحید راٹھور اقربا پروری کے سہارے عہدے پر تعینات کیے گئے اور وہ میرٹ لسٹ میں ساتویں نمبر پر ہونے کے باوجود وائس چانسلر منتخب ہوئے۔تحریک کے مطابق یہ معاملہ میڈیکل طلبہ کے مستقبل سے متعلق سنگین نوعیت رکھتا ہے، جس پر ایوان میں فوری بحث ضروری ہے۔



