کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مجموعی طور پر 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مرکزی بینک کے ذخائر میں 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 14 ارب 52 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہو گئے۔اسی طرح کمرشل بینکوں کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ان کا حجم 5 ارب 19 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔یوں مجموعی طور پر ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 19 ارب 72 کروڑ ڈالر ہو گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر میں یہ اضافہ بیرونی فنانسنگ، ترسیلاتِ زر اور برآمدی ادائیگیوں میں بہتری کا نتیجہ ہے۔



