کراچی (کامرس رپورٹر)اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق وفاقی حکومت نے ستمبر 2025 میں قرضوں کے بوجھ میں نمایاں کمی کی ہے، جو حکومت کی بڑی مالی کامیابی قرار دی جا رہی ہے۔ صرف ایک ماہ کے دوران مجموعی قرض میں 852 ارب روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ستمبر 2025 کے اختتام پر وفاقی حکومت کا مجموعی قرض 76 ہزار 605 ارب روپے رہا، جبکہ اگست 2025 میں یہی قرض 77 ہزار 458 ارب روپے تھا۔اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ ایک ماہ میں حکومت کے مقامی قرض میں 649 ارب روپے کمی ہوئی۔ ستمبر میں مقامی قرض 53 ہزار 424 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اگست میں یہ 54 ہزار 73 ارب روپے تھا۔
اسی طرح حکومت کے بیرونی قرض میں بھی 203 ارب روپے کی کمی واقع ہوئی۔ ستمبر 2025 میں بیرونی قرض 23 ہزار 181 ارب روپے رہا، جو اگست 2025 میں 23 ہزار 385 ارب روپے تھا۔
ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر 2025) میں مجموعی طور پر حکومت کا قرض 1283 ارب روپے کم ہوا۔ اس مدت میں مقامی قرض میں 1048 ارب روپے جبکہ بیرونی قرض میں 236 ارب روپے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق قرض میں یہ کمی حکومتی مالی نظم و ضبط اور بہتر قرض مینجمنٹ کی جانب مثبت پیشرفت ہے۔



