راولپنڈی(اسپورٹس ڈیسک ) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان میں دورہ جاری رکھنے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم کا شکریہ ادا کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے جاری کردہ ویڈیو میں ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شائقین کرکٹ راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے آئیں اور سری لنکن ٹیم کا پاکستان میں کرکٹ کھیلنے پر شکریہ ادا کیا۔شاہین آفریدی کے علاوہ محمد رضوان، حارث روف، سلمان علی آغا اور ابرار احمد نے بھی سری لنکن کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کے فیصلے کو سراہا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ دنوں سری لنکن کرکٹ ٹیم کے منیجر کی جانب سے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ کھلاڑی پاکستان کا دورہ مکمل کرنے کے بجائے واپس جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔تاہم، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے مزید اقدامات کی یقین دہانی کرائی، جس کے بعد سری لنکن ٹیم نے اپنے دورہ پاکستان کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے باقی دو میچز کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ یہ میچز اب 14 اور 16 نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ اس تمام صورتحال نے دونوں ممالک کے کرکٹ تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے، اور اس دورے کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان اچھے مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔



