کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڑی انرجیز لمیٹڈ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف پیٹرولیم نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کے لیے 23 عبوری ٹینڈرز ایوارڈ کر دیے ہیں، جن میں سے 18 بلاکس ماڑی انرجیز کو بطور آپریٹر دیے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق پانچ بلاکس میں ماڑی انرجیز دیگر کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبے (Joint Ventures) میں شامل ہے۔ ایوارڈ کیے گئے بلاکس میں 12 انڈس آف شور بیسن اور 11 مکران آف شور بیسن کے علاقے شامل ہیں۔مزید کہا گیا ہے کہ ان بلاکس کی باضابطہ منظوری پیٹرولیم ایکسپلوریشن لائسنسز، پروڈکشن شیئرنگ ایگریمنٹس، جوائنٹ آپریٹنگ ایگریمنٹس اور دیگر قانونی و انتظامی کارروائیوں کی تکمیل سے مشروط ہے۔کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ماڑی انرجیز پاکستان کی توانائی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے اور انڈس و مکران بیسنز میں ہائیڈروکاربن ذخائر کی تلاش کے لیے پُرعزم ہے۔



