کراچی (اسٹاف رپورٹر) کلیکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے سیٹرک ایسڈ کی آڑ میں مونوسوڈیم گلوٹامیٹ (چائنیز نمک) اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ کسٹمز ٹیم نے خفیہ اطلاع پر شہر کے صنعتی علاقے میں واقع یونائیٹڈ ٹریڈرز کے شیڈ نمبر 9، اے۔ون گودام، والیکا چورنگی پر چھاپہ مارا۔کارروائی کے دوران سیٹرک ایسڈ سے نشان زد تھیلوں کی جانچ پڑتال کی گئی تو ان میں سے 800 تھیلوں میں اصل کے بجائے مونوسوڈیم گلوٹامیٹ برآمد ہوا۔ ہر تھیلے کا وزن 25 کلوگرام تھا، جس کے مطابق ضبط شدہ سامان کی مجموعی مقدار 20 ہزار کلوگرام بنتی ہے۔ اس موقع پر حقیقی سیٹرک ایسڈ کے 100 تھیلے بھی تحویل میں لیے گئے۔کسٹمز حکام کے مطابق ضبط شدہ اشیا کی مجموعی مالیت تقریباً 20 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔ سامان کو قانونی تحویل میں لے کر کسٹمز گودام منتقل کر دیا گیا جبکہ مزید تصدیق کے لیے نمونے لیبارٹری ارسال کر دیے گئے ہیں۔ترجمان کسٹمز نے بتایا کہ واقعے پر کسٹمز ایکٹ 1969 کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف مزید تحقیقات جاری ہیں۔



